0

ایندھن سستا ہونے کےباوجود اشیائے ضروریہ اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی ناگزیر ہے۔ سید امان شاہ، صوبائی کنوینئر عوام پاکستان پارٹی۔بلوچستان

پٹرولیم قیمتوں میں کمی خوش آئند، مگر عوام کو ریلیف درکار ہے

حکومتی اقدام مثبت ہے۔مہنگائی میں حقیقی کمی کے اثرات بھی نظر آنے چاہئیں۔

کوئٹہ (اتوار 21 جون 2026): عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور ملکی حالات کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے عوام کو کسی حد تک ریلیف ملے گا۔ تاہم موجودہ معاشی حالات میں یہ کمی عوام کی مشکلات کے مقابلے میں ناکافی محسوس ہوتی ہے اور حکومت کو مزید مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ، بجلی، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا، جس کا بوجھ عام آدمی نے برداشت کیا۔ اب جبکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے تو اس کے اثرات عوام تک بھی منتقل ہونے چاہئیں اور مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں واضح کمی نظر آنی چاہیے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کرے۔ اگر ایندھن سستا ہو رہا ہے تو ٹرانسپورٹ کرایوں، مال برداری کے اخراجات اور بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے کمی ہونی چاہیے۔ بصورت دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ عوام تک نہیں پہنچ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ صرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی تک محدود نہ رہے بلکہ عوامی ریلیف کے لیے جامع معاشی پالیسی مرتب کرے، روزگار کے مواقع پیدا کرے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔عوام پاکستان پارٹی کے صوبائی کنوینئر نے امید ظاہر کی کہ حکومت عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید ریلیف اقدامات کا اعلان کرے گی تاکہ عام شہریوں کی زندگی میں حقیقی آسانیاں پیدا ہوں اور مہنگائی کے بوجھ میں کمی آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ہمیشہ عوامی مفادات کے تحفظ اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں