اسلام آباد (سوموار 6 جولائی 2026): پاک فضائیہ کے حاضر سروس گروپ کیپٹن عاصم طارق نے ایک خاتون کو مبینہ اغوا اور ہراسانی سے بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔ ان کی بہادری نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ حقیقی سپاہی صرف سرحدوں پر ہی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر محاذ پر انسانیت کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ایک کیش اینڈ کیری اسٹور میں ملازمت کرنے والی خاتون مسماۃ ن کو اس کے ساتھی ملازم سعد عباسی نے آمدورفت کی سہولت فراہم کرنا شروع کی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق چند ہفتوں بعد ملزم نے خاتون کو زبردستی اپنی مرضی کے مطابق لے جانے کی کوشش کی۔ واقعہ اسلام آباد کے نائنتھ ایونیو، شاہین چوک کے قریب پیش آیا، جہاں خاتون نے مزاحمت کی اور موٹر سائیکل سے اتر گئی۔
اسی دوران وہاں سے گزرنے والے پاک فضائیہ کے حاضر سروس افسر گروپ کیپٹن عاصم طارق نے صورتحال کو مشکوک جانتے ہوئے گاڑی روکی اور خاتون کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔ خاتون موقع سے نکل کر ان کی گاڑی کے قریب پناہ لینے میں کامیاب ہوگئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم سعد عباسی پہلے موقع سے ہٹا، تاہم کچھ دیر بعد واپس آیا اور اچانک پستول سے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم طارق شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ان کی یہ قربانی معاشرے میں شہری ذمہ داری، جرات اور انسانیت کی اعلیٰ مثال بن گئی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جدید ٹیکنالوجی اور شواہد کی مدد سے ملزم سعد عباسی کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے ماضی کے ریکارڈ، اسلحہ کے حصول اور دیگر ممکنہ جرائم کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق پاک فضائیہ کے ایک انتہائی پیشہ ور، نڈر اور باصلاحیت افسر تھےجنہوں نے اپنی پوری سروس کے دوران وطنِ عزیز کے دفاع میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی آخری قربانی نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے محافظ ہر جگہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
ان کی شہادت پر اہلِ خانہ، پاک فضائیہ، سرکاری و سماجی حلقوں اور عوام کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
Blue TV Network شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ اس المناک واقعے میں ملوث ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ معاشرے میں خواتین کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور وطنِ عزیز کو ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی لاج رکھنے کی توفیق دے۔ آمین
0