0

بارشوں کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے پر قدرتی چشمہ پھوٹ پڑا، ڈی جی واٹر کا سائیٹ وزٹ

اسلام آباد (اتوار 6 ستمبر 2026): وفاقی دارالحکومت کے مقام زیروپوائنٹ پر اسلام آباد ایکسپریس وے کے قریب پانی کی لیکیج کی نشاندہی پر سی ڈی اے انتظامیہ متحرک ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور شہریوں کی شکایات پر ڈی جی واٹر سردار خان زمری نے فوری طور پر موقع کا ازخود معائنہ کیا۔

تفصیلی معائنے کے بعد ڈی جی واٹر نے واضح کیا کہ مذکورہ مقام سے سی ڈی اے کی کوئی پائپ لائن نہیں گزر رہی، بلکہ یہ ایک قدرتی چشمہ ہے جو حالیہ موصلادھار بارشوں کے باعث زیر زمین پانی کی سطح بلند ہونے پر نمودار ہوا ہے۔

پانی کے پریشر کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سڑک کے ساتھ موجود ڈرینج لائن کی مکمل صفائی کی جا رہی ہے جبکہ گہری کھدائی کے ذریعے پانی کا رخ موڑ کر اِس کے پریشر کو کم کرنے کا کام بھی جاری ہے۔

ڈی جی واٹر کا مزید کہنا تھا کہ یہ سلسلہ صرف ایکسپریس وے تک محدود نہیں، بلکہ پاکستان مانومنٹ کی پہاڑی اور منسٹر انکلیو سے ملحقہ پہاڑی کے نیچے سے بھی اسی طرح قدرتی چشمے پھوٹ رہے ہیں۔

ماہرین اور شہریوں نے اس پیش رفت کو اسلام آباد کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ مئی اور جون کے گرم مہینوں میں شہر میں پانی کی شدید قلت اور زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک گرنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس سے شہریوں کے بورنگ سسٹم بھی متاثر ہوئے تھے۔ حالیہ بارشوں اور ان قدرتی چشموں سے زیر زمین پانی کے ذخائر میں بہتری کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں