رضاکاروں نے 5,600 میٹر کی بلندی پر لاش تلاش کی، موسم سازگار ہونے پر سکردو منتقل کیا جائے گا، جبکہ دو دیگر کوہ پیماؤں کی تلاش فی الحال باقی ہے۔
اسلام آباد( 13 اگست 2026): براڈ پیک پر برفانی تودے کے بعد لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش مقامی رضاکاروں نے تلاش کر کے بیس کیمپ منتقل کر دی۔ الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) کے مطابق لاش شگر سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں نے تقریباً 5,600 میٹر کی بلندی پر دریافت کی۔
اے سی پی کی رکن نائلہ کیانی نے بتایا کہ رضاکاروں نے لاش کی نشاندہی کے بعد اسے کیمپ ون سے بیس کیمپ تک منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ موسم سازگار ہونے کی صورت میں پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاش کو سکردو منتقل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 30 جولائی کو براڈ پیک پر آنے والے شدید برفانی تودے کے باعث معروف کوہ پیما نرمل پرجا کی قیادت میں بین الاقوامی مہم کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ اس سانحے میں متعدد کوہ پیما جان کی بازی ہار گئے، جبکہ سہیل سخی سمیت تین افراد لاپتا قرار دیے گئے تھے۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق امریکی کوہ پیما سارہ میلوری گیس اور نیپالی کوہ پیما نوانگ تھندو شیرپا کی تلاش موسم بہتر ہونے اور علاقے کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد دوبارہ شروع کی جائے گی۔
ماہرین نے اس سانحے کو حالیہ برسوں میں پاکستان کی بلند ترین چوٹیوں پر پیش آنے والے المناک واقعات میں سے ایک قرار دیا ہے، جبکہ کوہ پیماؤں اور عوامی حلقوں نے سہیل سخی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔