0

تھانہ کورال کی حدود میں شہری پر مبینہ فرقہ وارانہ حملہ، پولیس تحقیقات تاحال شروع نہ ہوسکیں، متاثرہ شہری انصاف کا منتظر

اسلام آباد (کرائم رپورٹر): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے حوالے سے ایک تشویشناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں تھانہ کورال کی حدود میں مبینہ طور پر مذہبی شناخت کی بنیاد پر ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کی تحقیقات تاحال مکمل نہ ہوسکیں۔ متاثرہ شہری ضیغم علی رانا نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث نامعلوم ملزمان کو فوری طور پر ٹریس کرکے گرفتار کیا جائے اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ضیغم علی راناکے بیان کے مطابق 18 دسمبر 2025 کی رات تقریباً 11 بجے کورال چوک کے قریب اسلام آباد ایکسپریس وے پر دو گاڑیوں میں سوار چھ افراد نے ان کی گاڑی کو مبینہ طور پر زبردستی روک لیا۔ ملزمان نے ان کی مذہبی شناخت کو بنیاد بنا کر ان پر حملہ کیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے دوران ضیغم علی راناکو جسمانی طور پر شدید چوٹیں آئیں، جبکہ حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
متاثرہ شہری کے مطابق واقعے کے فوری بعد متعلقہ تھانے کو اطلاع دی گئی اور پولیس سے قانونی کارروائی کی درخواست بھی کی گئی، تاہم ان کے بقول نہ تو ملزمان کی شناخت کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے اور نہ ہی تاحال انہیں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے کوئی واضح پیش رفت نظر آئی ہے۔
ضیغم علی راناکا مزید کہنا ہے کہ حملے کے بعد بھی کئی روز تک مختلف گاڑیوں کے ذریعے مختلف مقامات پر ان کا مبینہ تعاقب کیا جاتا رہا، جس سے ان کی جان و سلامتی کے حوالے سے شدید خدشات پیدا ہوگئے۔ حالات کی سنگینی اور اپنی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر انہیں ملک چھوڑ کر بیرون ملک روانہ ہونا پڑا۔
متاثرہ شہری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک طرف وہ حملے میں شدید جسمانی اور ذہنی اذیت سے دوچار ہوئے، جبکہ دوسری جانب پولیس کی جانب سے بروقت قانونی کارروائی اور تحفظ کی عدم فراہمی نے ان کے خدشات میں مزید اضافہ کیا۔ ان کے مطابق کسی بھی شہری کو اس کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنانا نہ صرف بنیادی انسانی حقوق بلکہ آئین پاکستان میں دیے گئے مساوی شہری حقوق اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کے بھی منافی ہے۔
ضیغم علی رانااسلام آباد کی ایک معروف کاروباری شخصیت ہیں اور طویل عرصے سے کاروباری حلقوں میں اپنی اچھی ساکھ اور شہرت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات کسی بھی شہری کی ذاتی زندگی، خاندان، سماجی تعلقات اور کاروباری سرگرمیوں پر گہرے منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔ خصوصاً جب کسی شخص کو مسلسل عدم تحفظ کا سامنا ہو تو اس کے لیے معمول کی زندگی اور کاروباری معاملات جاری رکھنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔
انہوں نے متعلقہ پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرکے دونوں گاڑیوں اور ان میں سوار افراد کی شناخت کی جائے، دستیاب شواہد کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو درپیش ممکنہ خطرات کا جائزہ لے کر مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے۔
ضیغم علی رانانے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی سابقہ شکایت پر اب تک ہونے والی کارروائی کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں اور اگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی تو ذمہ دار اہلکاروں سے بھی جواب طلب کیا جائے۔
شہری حلقوں میں بھی اس نوعیت کے واقعات پر تشویش پائی جاتی ہے۔ مبینہ حملے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات، ملزمان کی شناخت اور متاثرہ شہری کو قانونی تحفظ کی فراہمی نہ صرف انصاف کے تقاضوں کے لیے ضروری ہے بلکہ وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی پر اعتماد برقرار رکھنے کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام اس سنگین شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ شہری کو انصاف کی فراہمی اور تحفظ کے لیے عملی اقدامات کب اٹھاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں