ماسکو: نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈوالپمنٹ فورم (NDF) پاکستان، جو محکمہ بااختیاری برائے افراد باہم معذوری (DEPD)، حکومتِ سندھ کی شراکت دار تنظیم ہے، نے اپنی معاون تنظیموں APHA کراچی اور نصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن کراچی کے اشتراک سے بین الاقوامی سطح پر ایک شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ سماعت سے محروم باصلاحیت نوجوان نبیل احمد نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں 31 اکتوبر سے 3 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والے نیشنل ابیلیمپکس روس 2026 کے مصوری کے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔
یہ شاندار کامیابی پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے، جو بین الاقوامی سطح پر افراد باہم معذوری کی غیر معمولی صلاحیتوں، تخلیقی قابلیت، عزم، محنت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا عملی مظہر ہے۔
پاکستانی وفد نے اس بین الاقوامی پیشہ ورانہ مہارتوں کے مقابلے میں عابد لاشاری، تمغۂ امتیاز، صدر این ڈی ایف پاکستان، فوکل پرسن نیشنل ابیلیمپکس فیڈریشن پاکستان اور پاکستانی وفد کے سربراہ کی قیادت میں شرکت کی۔
اس تاریخی کامیابی پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عابد لاشاری نے نبیل احمد کو گولڈ میڈل جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور اس کامیابی کو پاکستان میں معذوری کی شمولیت، ہنرمندی کے فروغ، بااختیار بنانے اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے جاری کوششوں کی ایک اہم کامیابی قرار دیا۔
عابد لاشاری نے کہا کہ یہ گولڈ میڈل صرف نبیل احمد کی انفرادی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کی پوری معذور برادری کی اجتماعی فتح ہے۔ نبیل احمد نے اپنی شاندار کارکردگی سے ثابت کر دیا ہے کہ افراد باہم معذوری بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور اگر انہیں مناسب سہولیات، حوصلہ افزائی، مساوی مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو وہ عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
عابد لاشاری نے حکومتِ سندھ، بالخصوص محکمہ بااختیاری برائے افراد باہم معذوری (DEPD)، APHA کراچی اور نصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن کراچی کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی قیمتی معاونت، حوصلہ افزائی اور شراکت داری نے افراد باہم معذوری کو بااختیار بنانے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے نیشنل ابیلیمپکس روس 2026 کے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے افراد باہم معذوری کو اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں، تخلیقی صلاحیتوں اور قابلیت کے اظہار کے لیے ایک مؤثر بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کیا۔
این ڈی ایف پاکستان نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک بھر میں افراد باہم معذوری کے لیے جامع تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، بحالی کی خدمات، ہنرمندی کے فروغ اور باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
عابد لاشاری نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کی بین الاقوامی کامیابیاں سرکاری اداروں، نجی شعبے، جامعات اور ترقیاتی تنظیموں کے لیے ایک واضح پیغام ہیں کہ وہ افراد باہم معذوری کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے ان کی فنی تربیت، ہنرمندی اور جامع روزگار کے پروگراموں میں مزید سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کہ ہنر بااختیار بناتا ہے اور بااختیار افراد کے لیے باعزت روزگار کی راہیں ہموار کرتا ہے۔ ہنرمندی سے خودمختاری، معاشی استحکام اور سماجی شمولیت کو فروغ ملتا ہے۔
نبیل احمد کی گولڈ میڈل کامیابی پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور دنیا کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے کہ پاکستان کے افراد باہم معذوری میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ عالمی سطح پر مقابلہ کرنے اور نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔