اسلام آباد: (10 جولائی ,2026) راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے تین پولیس اہلکاروں کو شہری کی جانب سے کرپشن کی شکایت ثابت ہونے پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ تھانہ دھمیال کے ایس ایچ او سب انسپکٹر انورالحق کو غفلتِ برتنے پر معطل کر کے ان کے خلاف چارج شیٹ بھی جاری کر دی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) حسن مشتاق سکھیرا نے شہری کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری، مقدمہ درج کرنے اور ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ انکوائری میں الزامات درست ثابت ہونے پر تینوں اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں پولیس اہلکاروں کو چکری روڈ جانے والے دو نوجوانوں سے مبینہ طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے دیکھا گیا۔
وارث خان میں خاتون کی خودسوزی
دوسری جانب راولپنڈی کے وارث خان علاقے میں 65 سے 70 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر ذہنی دباؤ کے باعث خود کو آگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس کے مطابق متوفیہ لنڈا بازار، گھاگی محلہ کی رہائشی تھیں اور گھر میں اکیلی رہتی تھیں۔ ان کی ایک بیٹی نے بیان دیا کہ وہ اور اس کی بہن باری باری والدہ کی عیادت کے لیے آتی تھیں۔ صبح جب وہ گھر پہنچی تو لوگوں کا ہجوم موجود تھا، جہاں معلوم ہوا کہ ان کی والدہ انتقال کر چکی ہیں۔
بیٹی کے مطابق والدہ تنہائی کے باعث اکثر ذہنی دباؤ کا شکار رہتی تھیں، جس کے باعث انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔