عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستان میں عوام اب بھی مہنگا پٹرول خریدنے پر مجبور ہیں
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہے
کوئٹہ (اتوار 28 جون 2026) : عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے فوری بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی، مگر افسوس کے ساتھ پاکستان میں عوام کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچایا جا رہا۔ حکومت اب بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کے بجائے عوام پر مہنگائی کا بوجھ برقرار رکھے ہوئے ہے، جو انتہائی افسوسناک اور عوام دشمن طرزِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل سستا ہونے کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتیں برقرار رکھنا ناقابلِ قبول ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عالمی منڈی کے مطابق فوری طور پر پٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرے تاکہ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔ موجودہ صورتحال میں پٹرولیم مصنوعات کی مہنگی قیمتوں نے ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی تمام بنیادی ضروریات کو عوام کی پہنچ سے دور کر دیا ہے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ مہنگائی اس وقت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جبکہ بے روزگاری اور غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔لاکھوں خاندان دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں اور معاشی بدحالی کے باعث بعض افراد انتہائی مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی، مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کرے، بصورت دیگر عوام پاکستان پارٹی ملک بھر میں عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوگی۔