ڈپٹی کمشنر علی ذوالفقار نے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سہولیات بہتر بنانے، گراؤنڈ کے تحفظ اور اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔
کراچی،( 22 جولائی2026): ینگ مسلم فٹبال گراؤنڈ اورنگی ٹاؤن ویسٹ کے وفد نے کھیلوں کے فروغ، گراؤنڈ کی بحالی اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کراچی ویسٹ، علی ذوالفقار سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں مختلف کھیلوں سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور علاقے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، سہولیات کی بہتری اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر علی ذوالفقار نے وفد کی سفارشات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ، گراؤنڈ کے تحفظ اور کھیلوں کی ترقی کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وفد نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون سے ینگ مسلم فٹبال گراؤنڈ اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا، جبکہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے مختلف اسپورٹس ایونٹس، ٹورنامنٹس اور تربیتی پروگراموں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔